نئی دہلی،13مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے لیڈر آشیش کھیتان کو خط کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔آپ لیڈر نے ٹوئٹ کرکے اس کی اطلاع دی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ کھیتان کی موت قریب ہے، تمہارے جیسے بدکار ہندو ملک میں سزائے موت کے مستحق ہیں اور یہ کام ایشور کی خواہش سے بہت جلدہو گا۔آپ لیڈر نے بتایا کہ اس سے پہلے بھی انہیں ایساخط بھیجاگیاتھا، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔کھیتان نے اس دھمکی بھرے خط کو وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے پاس شکایتی طور پر بھیجا ہے۔آپ لیڈر نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں سے ڈر کا ماحول بڑھتا جا رہا ہے۔ صحافیوں، ادیبوں، فنکاروں اور شہریوں کو دائیں بازوطاقتوں کی طرف سے ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے، بہت سے آزاد سوچ والے لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔آشیش کھیتان نے کہا کہ پولیس ہمیشہ خاموش بہری بنی رہی، جس سے ایسے لوگوں اور اداروں کو فروغ ملتا ہے۔ آشیش کھیتان نے ٹوئٹر پر دھمکی والا خط پوسٹ کرتے ہوئے وزیر داخلہ سے آزادی اور جمہوری اقدار کی حفاظت کی توقع ظاہر کی ہے۔